اسلام آباد(ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) ایف آئی اے نے تین آپریشنز میں 7افراد کو گرفتارکر لیا ، سی ڈی اے پلاٹ جعلسازی ، نیوزی لینڈ جعلی ویزا، مسافر نشاندہی پر 3ایجنٹ ، یوٹیلیٹی اسٹورز میں خورد برد کا ملزم بھی حراست میں لیا گیا،ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے سی ڈی اے پلاٹ کی غیر قانونی ٹرانسفر میں ملوث 2 ملزمان امداد علی اور آجون شاہ کو گرفتار کیا ہے ،ملزم امداد علی سی ڈی اے میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ اور آجون شاہ بطور کمپیوٹر آپریٹر تعینات ہے، ملزمان نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے اصل متاثرہ خُورشید اختر مرحوم کے حقوق ہتھیائے ، جعل سازی کرتے ہوئے خورشید اختر کے بجائے خُورشید بیگم کے نام پر اسلام آباد I-12/4 میں پلاٹ الاٹ کیا گیادیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں اثنا ایف آئی اے فیصل آباد زون نے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے مسافر سمیت 4 ایجنٹ گرفتار کر لیے ،ملزمان میں محمد ندیم، عامر اعجاز، محمد فہد، صادق علی شامل ہیں،ابتدائی تفتیش کے مطابق محمد ندیم نامی مسافر کو جعلی ویزہ کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا ، مسافر نے فیصل آباد سے دبئی کے راستے نیوزی لینڈ جانے کی کوشش کی امیگریشن کلئیرنس کے دوران مسافر کو مشکوک پایا گیا ،گرفتار مسافر صادق علی ، محمد فہد اور عامر اعجاز نامی ایجنٹوں سے رابطے میں تھا ، مسافر نے مذکورہ ایجنٹوں کو نیوزی لینڈ کے ویزہ حاصل کرنے کیلئے 67 لاکھ روپے ادا کیے۔