کراچی (جنگ نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وسیم اکرم کا ماننا ہے کہ کرکٹ کو محض ایک کھیل سے بڑھ کر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کا ذریعہ بننا چاہیے۔ اگر بھارتی محب وطن ہیں تو پاکستانی بھی محب وطن ہیں۔ سیاست اور کھیل کو الگ الگ رکھنا ضروری ہے،سیاسی اور دیگر اختلافات کھیل پر حاوی نہ ہوں، بلکہ کھیل کو ایسا پلیٹ فارم بنایا جائے جو لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لائے۔ انہوں نے کرکٹ فینز کو یہ پیغام دیا کہ روایتی مسابقت اور جوش و خروش ضرور رکھیں، لیکن اس میں بدتمیزی یا نازیبا رویہ شامل نہ ہو۔ ان کے بقول، مقابلہ سخت ہونا چاہیے، مگر اس میں عزت اور احترام کی حدیں پار نہیں کرنی چاہئیں۔ غیرملکی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت نہیں کھیلتا تو پاکستان کو فرق نہیں پڑتا۔ اگر ایشیا کپ کے دوران بھارت آخری لمحے میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر بھی دیتا ہے، تو بھی کھیل جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈیز ایسے حالات میں سخت مؤقف اپنائیں گی۔ ٹورنامنٹ 9 ستمبر کو شروع ہوگا اور اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ جاتی ہیں تو ان کا تین بار آمنا سامنا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک سیاست دان نہیں ۔ ہمیں تہذیب کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز دیکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور اسے کرکٹ کی دنیا کے لیے بڑی سیریز قرار دیا۔