کراچی ( اسٹاف رپورٹر))وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ ایجوکیشن سٹی کراچی میں 435 ایکڑ پر محیط اسپیشل ٹیکنالوجی زون اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا جو سندھ حکومت کے تحت قائم کیا جا رہا ہے۔ یہ زون جدت، کاروباری صلاحیت اور علم پر مبنی معاشی ترقی کا مرکز بنے گا۔ یہ بات انھوں نے وزیر اعلیٰ ہاوس میں ایجوکیشن سٹی کے لیے تاریخی معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب میں کہی ، دستخطی تقریب میں وزیر توانائی سید ناصر شاہ، چیئرمین ایجوکیشن سٹی بورڈ ڈاکٹر عاصم حسین، وزیراعلی کے معاونِ خصوصی سید قاسم نوید، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلی آغا واصف، چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے) اظفر منظور، سیکریٹری سرمایہ کاری خرم شہزاد، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن سٹی ابرار احمد، میکو اے جی/میکو ہولڈنگ کے چیئرمین بورڈ جو ہانس ڈیٹر ٹروٹسشلر، میکو اے جی/میکو ہولڈنگ کے ایکسل کیزر اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں،سید مراد علی شاہ نے تاریخی معاہدوں پر دستخط کو صوبے اور پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جس کے نتیجے میں ملک کا سب سے بڑا اسپیشل ٹیکنالوجی زون قائم ہوگا اور ساتھ ہی قابلِ تجدید توانائی اور توانائی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں میں بڑی غیرملکی سرمایہ کاری بھی متوقع ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ایجوکیشن سٹی کراچی میں 435 ایکڑ پر محیط اسپیشل ٹیکنالوجی زون اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا جو سندھ حکومت کے تحت قائم کیا جا رہا ہے۔