کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا،’’را‘‘ کے نیٹ ورک کیلئے کام کرنے والے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ 18 مئی 2025 کو بدین کے ماتلی میں ایک شہری کا قتل ہوا، مرحوم علاقے فلاحی کاموں کے حوالے سے جانے جاتے تھے، 45 سالہ شخص کے قتل میں ملوث 4 افراد کو 8 جولائی کو گرفتار کیا، ملزمان سے تفتیش کے دوران نیٹ ورک کا پتالگایا گیا، ملزمان نے بتایا کہ واردات کیلئے بیرون ملک منصوبہ بندی ہوئی اور ’را‘ کی فنڈنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے ہفتہ کو سینٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 18 مئی 2025 کو ضلع بدین تھانہ ماتلی میں ایک شہری 45 سالہ عبدالرحمان عرف رضا اللہ نظامانی کا قتل ہوا۔مرحوم فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والا ایک معصوم اور نہتا شہری تھا جس کو ناحق قتل کر کے ملزمان فرار ہوئے۔واقعہ کے فوری بعد انڈین میڈیا اس ٹارگٹ کلنگ پر بے انتہا خوشی کا اظہار کیا اور پروپیگنڈا کیا کہ ہم نے پاکستان میں بھارت کے دشمن کو قتل کر دیا ہے۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ ماتلی میں درج کیا گیا۔آزاد خان نے بتایا کہ کیونکہ یہ مقدمہ انڈین میڈیا کے پروپیگنڈہ اور دہشت گردی کی دفعات پر مشتمل تھا اور واضح طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کا اس میں ملوث ہونا ثابت تھا اس وجہ سے یہ مقدمہ سی ٹی ڈی کراچی منتقل ہوا۔انہوں نے بتایا کہ اس قتل کی منصوبہ بندی بیرون ملک ترتیب دی گئی اور را کے ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف فوجی نے سلمان اور ارسلان جو کہ ایک خلیجی ریاست میں کام کرتے تھے اور پاکستانی ہیں کو اپنا ایجنٹ بنایا۔سلمان نے اس کام کیلئے ایک گینگ تشکیل دیا جو کہ عمیر،سجاد ، عبید اور شکیل پر مشتمل تھا۔