• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈار، بنگلہ دیشی قیادت سے اہم ملاقاتیں، چیف ایڈوائزر، مشیر تجارت سے اقتصادی تعاون، تعلیم سمیت علاقائی تعاون پر گفتگو، 6 معاہدوں پر دستخط

اسلام آ باد، ڈھاکا ( نیو ز ر پورٹر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوسرے روز بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس، مشیر تجارت ایس کے بشیر الدین، سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء، امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمٰن سے ملاقات کی جس میں پرانے تعلقات بڑھانے، اقتصادی تعاون، تعلیم، علاقائی تعاون سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی، اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کا مستقل بہت روشن ہے اور ہمیں ملکر کام کرنا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کیلئے بہترین کام کر سکیں، علاوہ ازیں پاکستان اور بنگلہ دیش نے آج ڈھاکہ میں وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے بعد 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے، جس میںسفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے ویزا ختم، تجارت کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل، میڈیا تعاون اور ثقافتی تبادلوں میں دوطرفہ تعاون کے معاہدے بھی شامل ہیں، دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان نے بنگلہ دیش کے طلبہ کیلئے نالج کوریڈور کا آغاز کر دیا، پاکستان بنگلہ دیش کے طلبہ کو پانچ سال میں 500سو اسکالر شپ دیگا، اسکالر شپ میں ایک چوتھائی اسکالر شپ طب کے شعبے میں دیئے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پرانے تعلقات کی بحالی، نوجوانوں کے درمیان روابط کے فروغ سمیت تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیش رفت اور علاقائی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔ اسحاق ڈار نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے چیف ایڈوائزر کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے دورے کے دوران بہترین انتظامات اور ان کے وفد کی شاندار میزبانی پر چیف ایڈوائزر کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بنگلہ دیش کے مشیر تجارت ایس کے بشیر الدین نے یہاں ناشتے پر ملاقات کی۔ اس موقع پر تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ بالخصوص تجارت اور رابطے بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی موجود تھے۔اس اہم تجارتی ملاقات میں چوہدری عاشق محمود بن ہارون چیئرمین بنگلہ دیش انوسٹمنٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی،ڈاکٹر احسن ایچ منصور گورنر بنگلہ دیش بینک ،محمد عبدالرحمان خان ایف سی ایم اے،چیئرمین ،نیشنل بورڈ آف ریونیواور سیکرٹری، اندرونی وسائل ڈویژن، محمد عبدالروف سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل و پٹ سن،معین الخان چیئرمین بنگلہ دیش ٹریڈ اینڈ ٹیرف کمیشن،نسرین جہاں سیکرٹری شہری ہوا بازی ووزارت سیاحت،محبوب الرحمان سیکرٹری وزارت تجارت،بریگیڈئیر جنرل محمد فویشول آزاد چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف بنگلہ دیش اور پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ کی نگرانی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان چھ معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ اس فہرست میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے ویزا کے خاتمے کا معاہدہ، تجارت کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ پر ایم او یو، پاکستان اور بنگلہ دیش کی فارن سروس اکیڈمیوں کے درمیان ایم او یو، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان ایم او یو، انسٹی ٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد اور بنگلہ دیش کے اسٹیٹ ایکسچینج انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمت نامے شامل ہیں۔یہ معاہدے تجارت اور اقتصادیات، سفارتکاروں کی تربیت، علمی تبادلوں، میڈیا تعاون اور ثقافتی تبادلوں میں دوطرفہ تعاون کو ادارہ جاتی سطح پر مزید مضبوط کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا کہ بیگم خالدہ ضیا کی طویل عرصے سے علیل ہیں۔


اہم خبریں سے مزید