کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ کی درخواست پر نیشنل بینک آف پاکستان نے معطل شدہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کا بینک اکاؤنٹ منجمد کردیا ہے جبکہ بورڈ نے ایف آئی اے سے فیڈریشن کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کرنے کا کہا ہے ۔ یہ اسپورٹس گورننس میں بے ضابطگیوں کے خلاف سخت اقدامات کا باقاعدہ آغاز ہے۔ پی ایس بی کے ترجمان کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی محمد یاسر پیرزادہ کے ایجنڈے کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد اسپورٹس تنظیموں میں شفافیت، احتساب اور اچھی گورننس کو یقینی بنانا ہے۔ کوئی بھی ادارہ جو آئینی اور قانونی تقاضوں پر پورا نہیں اترے گا، اسے ملک کا پرچم استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے اپنے معاملات میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی مداخلت اور بنک اکاوئنٹ کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے ۔ فیڈریشن کے صدر جبران بن سلمان نے ڈائریکٹر جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وہ فیڈریشن کے خلاف تمام کارروائی واپس لے، منتخب فیڈریشن آئین کے مطابق کام کر رہی ہے ، یہ پاکستان اولمپکس اور انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن سے الحاق شدہ ہے پی ایس بی کو معاملات میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔