• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے عالمی دوغلا پن ختم کرنا ہوگا، مصدق ملک

کراچی( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ کے میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے عالمی دوغلاپن ختم کرنا ہوگا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دنیا کو ہماری مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ تجاوزات کے مسئلے کو بہت سنجیدگی سے لینا پڑے گا۔ 

ماہرین علی توقیر شیخ ، پروفیسر نوشین انور، محمد مہر علی شاہ ، ڈاکٹر عمران احمد اور مہر صاحبزاد خان نے کہا کہ بارشوں سے آنے والے سیلاب کا حل ڈیم کی تعمیر نہیں ہے۔ کراچی میں میونسپل سطح پر گورننس کے ادارے کمزور ہیں۔ پانی کو ریگولیٹ کرنے کی صلاحیت بڑھانے اور مربوط انداز میں منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ڈیٹا مینجمنٹ کی ضرورت ہے ۔یہ سسٹم وزارت ماحولیاتی تبدیلی کا تھا۔

پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ پورے پروگرام میں ہم دو سوالات پر فوکس کریں گے۔ ہمارا پہلا سوال یہ ہے کہ صرف موسمیاتی تبدیلی تباہی کی بڑی وجہ یا ناقص گورننس، جنگلات کا کٹاؤ اور ناجائز تعمیرات بڑی وجہ؟ دوسرا سوال یہ ہوگا کہ بارشوں اور سیلاب سے تباہی کا حل کیا ہے؟

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے عالمی دوغلاپن ختم کرنا ہوگا۔ 

اُنہوں نے کہا کہ صرف دو ممالک 45 سے47 فیصد گیس خارج کر رہے ہیں۔ جتنے بھی بین الاقوامی فنڈز بنے اس میں پاکستان کو کتنا حصہ ملا؟ طاقتور ترین لوگوں نے دریاؤں کے راستوں میں ہوٹلز بنا رکھے ہیں۔

مصدق ملک نے مزید کہا کہ ناجائز تعمیرات کو این او سی دینے والے لوگ کون ہیں؟ صرف جنگلات پانی کے ریلوں کو روک سکتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید