پیرس( رضا چوہدری /نمائندہ جنگ ) انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے چیئرمین معروف کشمیری رہنماؤں زاہد اقبال ہاشمی اور چوہدری خلیل احمد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کی آڑ میں ہونے والے مظالم بند کرائے جائیں۔ بی جے پی حکومت مقبوضہ کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کا استعمال کر کے ہر اختلافی آواز کو دبا رہی ہے۔اقوام متحدہ اس بات کا فوری نوٹس لے اور فوری مداخلت کرے۔ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہمقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت کی جانب سے ہندوتوا نظریہ مسلط کیاجانا قابل تشویش ہے۔بی جے پی اور اسکی وزارت داخلہ کے زِیر کنٹرول ریاست کے لیفٹیننٹ گورنر کالے قوانین کا سہارا لے کرمحاصرے اور تلاشیوں کی کارروائیوں کے دوران بلا جواز کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔