لاہور (رپورٹ:عیشہ آصف) مقررین نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش ؒ نے اپنی تعلیمات سے معاشرے میں امن و برداشت کو فروغ دیا،بلاشبہ برصغیر میں اولیائے کرام و صوفیاء کا کردار انتہائی تعمیری،اصلاحی اور مثالی رہا ہے۔ حضرت علی بن عثمان ہجویریؒ المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ ایسے ہی جلیل القدر بزرگ ہیں،جن کی تعلیمات نے ہزار ہا بھٹکے ہوئے لوگوں کو راہ راست دکھائی۔ان خیالات کا اظہار میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی کے سیمینار میں کیا گیا۔میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی ،محکمہ اوقاف و مذہبی اموراور پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیر اہتمام خصوصی سیمینارحضرت داتا گنج بخش کی تصنیف لطیف"کشف المحجوب کی ہزار سالہ تقریبات"کے سلسلے میں قومی کانفرنس و صوفی مشاعرہ ہوا۔جس کی صدارت چوہدری شافع حسین ( وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب) نے کی ۔مہمان خصوصی بلال یسین (صوبائی وزیر برائے ہاوسنگ )اور عزیز احمد اعوان (چیف آرگنائزرومیڈیا کوآرڈنیٹرPESS ،کنوینر خوشحال پاکستان) تھے۔زیر سرپرستی ڈاکٹر طاہررضا بخاری، سیکرٹری وچیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف تھے۔کلیدی خطبہ افتخار عارف نے دیا۔سیمینار کے سپیکرزمیں نبیل جاوید ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ،سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی ، ،ڈاکٹر عظمیٰ زری،خواجہ غلام قطب الدین فریدی(چیئرمین نیشنل مشائخ کونسل )، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ، بابا محمدیحییٰ خان، عباس تابش ، ڈائریکٹر مجلس ترقی ادب ، ڈاکٹر عبدالماجد ندیم(صدر نشین ہجویری چیئر پنجاب یونیورسٹی لاہور)، شامل تھے۔ نظامت عثمان احمد کسانہ نے کی جبکہ تلاوت و نعت قاری محمد رفیق نقشبندی اور سرور حسین نقشبندی نے پیش کی۔جبکہ میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمٰن سوسائٹی واصف ناگی نے انجام دیئے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ تعلیمات سید ہجویری کا فروغ ہمارے محکمے کا طرہ امتیاز ہے ۔ ہم محکمہ اوقاف کو جدید طرز پر استوار کرتے ہوئے اسے ڈیجیٹائز کر رہے ہیں اور اس ضمن میں داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات سے استفادہ کو آسان بنانے کیلئے کشف المحجوب کے مختلف اقتباسات اور تراجم کو بھی مرحلہ وار آن لائن کریں گے ۔