اسلام آباد (ساجد چوہدری )سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے گھروں سے چیزیں فروخت کرنے والے افراد پر ٹیکس لگانے کے معاملہ پر ایف بی آر حکام کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا، چیئرپرسن کمیٹی سنیٹر پلوشہ خان نے گزشتہ روز قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہا کہ جو لوگ گھروں میں بیٹھ کر چیزیں بیچ رہے ہیں اس پر ایف بی آر ٹیکس لگا رہا ہے،اس پر وفاقی سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ ای کامرس آئی ٹی میں نہیں آتا، یہ وزارت کامرس کے ماتحت آتا ہے، آئی ٹی سروس پر نہیں ای کامرس پر ٹیکس لگایا گیا ہے، سینیٹر افنان اللہ نے کہا ای کامرس آئی ٹی کا حصہ ہے، اس پر ٹیکس لگنا شروع ہوگئے تو انڈسٹری آگے نہیں بڑھ سکے گی، چیئرپرسن کمیٹی نے کہا بہت سے لوگ گھروں سے چیزیں بنا کر بیچتے ہیں، پاکستان کے مختلف علاقے سیلاب سے متاثرہ ہیں، ان علاقوں کے لوگوں کو چھوٹ ہونی چاہیے، قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ای کامرس پر ٹیکس سے متعلق ایف بی آر حکام کو طلب کرلیا۔