ذہنی صحت کے مسائل کے حل کے لیے اسپتالوں کے معیار سے متعلق ’ملکر‘ مہم کا ڈرافٹ اسٹینڈرڈز پر مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن، برٹش ایشن ٹرسٹ، تسکین صحتمند پاکستان کے تعاون سے جاری ہے جس میں نمائندہ سندھ حکومت، اے این ایف، ماہر نفسیات، اسٹیک ہولڈر اور پالیسی میکرز بھی شریک ہیں۔
اجلاس کے شرکاء نے ذہنی صحت پر عوامی شعور اُجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نفسیاتی اسپتال، کلینکس اور بحالی مراکز کو معیار کے دائرے میں شامل کیا جائے۔
شرکاء نے کہا کہ مریضوں کے حقوق اور رازداری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ناقص سہولتیں مریضوں کے مسائل میں اضافہ کرتی ہیں، نفسیاتی اسپتال، کلینکس، کاؤنسلنگ سینٹرز اور بحالی مراکز معیار کے زمرے میں شامل ہوں گے۔
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کہا کہ معیار پر پورا نہ اترنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر برٹش ایشین ٹرسٹ کامیلا مرووی نے کہا ہے کہ ہر گھر میں ذہنی تناؤ، اسٹریس اور بےچینی عام ہے، ہم چاہتے ہیں ذہنی صحت سے دوچار مریضوں کو معیاری سہولتیں ملیں، سندھ ذہنی صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں دیگر صوبوں سے آگے ہے۔