کراچی (اسٹاف رپورٹر) دبئی میں تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ اور ایشیا کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستانی ٹیم نے پیر کو آرام کیا۔ شارجہ اسٹیڈیم میں تین ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کو دو دن میں دو میچ کھیلنا ہوں گے۔ جمعے کو پاکستانی ٹیم کا پہلا امتحان افغانستان کرکٹ ٹیم کے خلاف شارجہ اسٹیڈیم کی اسپنرز کے لئے ساز گار پچ پر ہوگا۔ وکٹ اسپنرز کو للچانے لگی۔ توقع ہے کہ پاکستان صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث (وکٹ کیپر)، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان)، حسن نواز، محمد نواز، سفیان مقیم ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان مرزاکے ساتھ میدان میں اترے گا، ضرورت پڑنے پر پاکستان دو فاسٹ بولروں اور دو ریگولر اسپنرز سفیان مقیم اور ابرار احمد کے ساتھ بھی اتر سکتا ہے۔ جبکہ صائم ایوب، سلمان آغا اور محمد نواز کا آپشن بھی موجود ہوگا۔ افغانستان نے ٹورنامنٹ کیلئے عالمی شہرت یافتہ اسپنر راشد خان کی قیادت میں مزید چار اسپنرز محمد نبی ، نوراحمد، غضنفر اورمجیب کوٹیم میں شامل کیا ہے۔دریں اثنا دبئی اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کےدوسرے پریکٹس میچ میں سلمان آغا الیون نے صائم ایوب الیون کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ صائم ایوب الیون نے 136رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں سلمان آغا الیون کے حسن نواز نے 19گیندوں پر 42جبکہ سلمان علی آغا نے 23 گیندوں پر 30رنز بنائے۔ محمد حارث 18 گیندوں پر 32رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہفتے کوپاکستان کا دوسرا میچ میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے خلاف ہوگا میزبان ٹیم نےابھی تک اپنی ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے توقع ہے کہ امارات کی ٹیم کا اعلان بدھ یا جمعرات کو کیا جائے گا۔ اماراتی ٹیم چند ماہ قبل ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت چکی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے بھارت سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ایشیا کپ 2025میں بھارت اور پاکستان جیسی بڑی ٹیموں کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کھلاڑی اپنی اسکلز، فٹنس اور فیلڈنگ بہتر بنا رہے ہیں اور کسی بھی ٹیم کو اپ سیٹ کر سکتے ہیں۔