کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کپتانوں کو تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے البتہ شان مسعود اور محمد رضوان کو برقرار رکھنے کا بھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے بورڈ چیف محسن نقوی نے لاہور میں محمد رضوان سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کی رپورٹ ہیڈ کوچ نے جمع کروا دی ہے، کپتان کے مستقبل کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ پیر کو پی سی بی ترجمان نے کہا کہ کرکٹ بورڈ ون ڈے کیلئے محمد رضوان کی جگہ سلمان علی آغا کو کپتان بنانے اور ٹیسٹ میچوں میں شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو کپتان بنانے پر غور نہیں کر رہا ہے۔ تاحال نہ تو سلیکشن کمیٹی میں یہ معاملہ زیر غور آیا ہے اور نہ ہی کسی کھلاڑی کی کنٹریکٹ کی کیٹیگری تبدیل کی گئی ہے۔