کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پیر کو دبئی اسٹیڈیم میں پریکٹس میچ میں حصہ لیا۔ میچ سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ ایشلے نوفکے نے کہا کہ یہاں گرم موسم میں شاہین آفریدی، حارث رئوف اور حسن علی سخت محنت کررہے ہیں ، ان سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔ آپ جس سطح پر بھی کھیل رہا ہوں اس قسم کے موسم فرق ضرور پڑے گا۔کنڈیشن کے اعتبار سے درست ٹیم منتخب کی ہے۔ بلاشبہ شاہین سپر اسٹار اور دوسری ٹیموں کے لئے خطرہ ہیں۔ لیکن ہمیں کسی ایک بولرسے نہیں چار پانچ بولروں سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ پریکٹس میچوں میں پچ سلو ہیں لیکن توقع ہے کہ ٹورنامنٹ میں پچیں مزید بہتر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں موسم گرم اور حبس والا ہے جس سے بولروں کو سوئنگ میں مدد ملے گی۔ شاہین سوئنگ کو بہتر کرنے کیلئے بہت محنت کررہے ہیں ان کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔