اسلام آباد ( طاہر خلیل ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ قانون کے تحت اپنی جماعت کے مالی سال 2024-25(جو جون 2025 میں اختتام پذیر ہو گا) کے آڈٹ شدہ مالی گوشوارے 29 اگست 2025 تک الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کے پابند ہیں۔ یہ گوشوارے باقاعدہ طور پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے تصدیق شدہ ہونے چاہئیں اور انہیں فارم ’ڈی‘ پر مکمل تفصیلات کے ساتھ پیش کیا جانا ضروری ہے۔الیکشن ایکٹ کی دفعہ 210 کے مطابق، ہر سیاسی جماعت اس امر کی قانونی طور پر مکلف ہے کہ مالی سال کے اختتام کے چالیس روز کے اندر اپنے مالیاتی گوشوارے الیکشن کمیشن کو فراہم کرے، جن میں جماعت کی سالانہ آمدنی و اخراجات، ذرائع آمدن و فنڈنگ، نیز اثاثہ جات و واجبات کی وضاحت شامل ہو۔ ان گوشواروں پر جماعت کے مجاز عہدیدار کے دستخط ہونا ناگزیر ہیں، جو اس امر کی باقاعدہ تصدیق کرے کہ جماعت نے کسی ممنوعہ یا غیر مجاز ذریعے سے کوئی مالی معاونت حاصل نہیں کی، اور یہ کہ پیش کردہ مالی معلومات جماعت کی حقیقی مالی حالت کی عکاس ہیں۔ مزید برآں، تمام گوشوارے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی جانب سے آڈیٹ شدہ ہونے چاہئیں۔