اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور فیس لیس (faceless) کر کے شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روزاپنی زیر صدارت کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کو فیس لیس (faceless) کرنے اور شفاف بنانے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر جائزہ اجلاس کے دوران دی، ملکی معاشی ترقی و خوشحالی اور تجارت و سرمایہ کاری میں بہتری کی منزل کے حصول کے لیے حکومت اور تمام متعلقہ ادارے پرعزم ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسٹم کے نظام کی بہتری اور جدت کا مقصد برآمدات اور درآمدات سے منسلک کاروباری حضرات کو سہولت بہم پہنچانے کے ساتھ ملکی ریونیو میں اضافہ کرنا ہے،کسٹم جانچ پڑتال اور تخمینہ کے لیے انتظامی کاروائیوں میں درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے،کسٹم نظام کی اصلاحات کے موثر نفاذ کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں،معاشی اور تجارتی اصلاحات کے ذریعے کاروبار اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کسٹم نظام کی اصلاحات میں بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی قابل عمل اور بہترین حکمت عملی سے ہر ممکن استفادہ حاصل کیا جائے، کسٹم تخمینے پر کاروباری حضرات کی جانب سے کی جانے والی نظر ثانی اپیل سننے کا اختیار غیر جانبدار افسران کے سپرد کیا جائے، پورٹس پر بڑھتی ہوئی کارگو اور اسکے جلد از جلد ترسیل کے لئے ایسی منظم منصوبہ بندی کی جائے تاکہ سامان جلد از جلد بندرگاہ سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو۔