راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) خطہ پوٹھوہار میں7ارب روپے کی لاگت سے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان شرو ع ہوگیا۔ 4 ارب روپے آبپاشی و پانی کے باکفایت استعمال کا پروگرام پر خرچ ہوں گے۔ جس کے تحت پانی کے مؤثر استعمال کے لیے سولر سسٹم، جدید نظام آبپاشی اور لیزر لینڈ لیولر 70 فیصد سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے۔ تحفظ آراضیات کے لیے1 ارب روپے کی لاگت سے 400 منی ڈیمز تعمیر کیے جائیں گے۔ 77 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی کے ذریعے بلڈوزر سے 45 سو ایکڑ رقبہ کی اصلاح کی جائے گی اور کاشتکاروں کو 25 ہزار کلو گرام مونگ پھلی کی اعلیٰ اقسام کا بیج فراہم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نےکمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کا خصوصی تحفہ ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت 57 ہزار 960 روپے فی ایکڑ مالی اعانت سے 3 ہزار 625 ایکڑ پر زیتون کی کاشت کرائی جائے گی۔ زیتون کا تیل نکالنے کے لیے کولڈ پریس یونٹس 50فیصد سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے، 37کروڑ روپے کی لاگت سے ادرک کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا۔