راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی ڈویژن میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد152 ہوگئی ہے۔ راولپنڈی اور مری میں کنفرم مریضوں کی تعداد140ہوگئی ۔ مری سے اب تک64جبکہ راولپنڈی سے76ڈینگی کے کنفرم مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔16کنفرم مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔اٹک میں سات،چکوال میں چار اور جہلم سےبھی اب تک ایک مریض رپورٹ ہوا ۔راولپنڈی اور مری میں اب تک انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں 72لاکھ98ہزار روپے جرمانے وصول کئے جاچکے۔3073ایف آئی آرز کرائی گئیں۔ 1471عمارتیں سربمہر جبکہ 3975چالان کئے گئے۔مری میں ڈینگی کی صورتحال کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس مری میں اجلاس ہوا۔صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، حکومت پنجاب ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، فیلڈ افسران کو بھی متحرک رہنا ہو گا، ڈینگی کے خلاف کام کرنے والے یہ محض ڈیوٹی نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں جو جہاد سے کم نہیں۔