نارووال، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیو ز رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف نے پانی کے نئے ذخائرکی تعمیرکو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا‘شمالی علاقوں میں چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جاسکتے ہیں ۔ ان خیالات اظہار انہوں نے نارووال میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے موقع پر بریفنگ کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف‘وفاقی وزراء‘چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدرملک اور دیگراعلی حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پیشگی اطلاعات کے نظام کی وجہ سے نقصان کم سے کم ہوا ہے‘ 2022ء میں صوبہ سندھ ، بلوچستان ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے جنوبی اضلاع میں بہت نقصان ہوا تھا‘ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ آئندہ آنے والے سالوں میں یہ سلسلہ چلتا رہے گا، اب یہ ہم پرمنحصرہے کہ ہم کس طرح اس چیلنج سے نمٹتے ہیں ، وفاق ، چاروں اکائیاں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان مل کر اس کا مقابلہ کریں گے تو آنے والی صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے صوبوں نے اپنی سطح پر تیاریاں کرنی ہیں ، وفاق کی سطح کی این ڈی ایم اے اور دیگرمتعلقہ اداروں کو مکمل طورپر تیاریاں کرنا ہوں گی۔اگرپانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہمارے پاس نہیں ہوگی توہم جتنی بھی کوششیں کرلیں یہ نامکمل ہوں گی۔ہمیں وسائل خود جمع کرنے ہوں گے‘اگر سرجوڑ کے بیٹھیں گے تو اس کا حل ڈھونڈ لیا جائے گا۔