حالیہ سیلاب کے پیش نظر پنجاب میں انسداد پولیو مہم 10 دن تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پنجاب میں پولیو مہم یکم ستمبر کو نہیں ہوسکے گی۔
نیشنل ٹاسک فورس برائے پولیو کا وفاقی وزراء مصطفیٰ کمال اور احد چیمہ کی زیر صدارت اجلاس میں پولیو مہم پنجاب میں ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور متعلقہ حکام شریک تھے۔
وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر کو انسداد پولیو مہم تینوں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں شروع ہوگی، جنوبی خیبر پختونخوا میں 15 ستمبر سے پولیو مہم شروع ہوگی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے ذریعے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے گا، کے پی میں کل 16 میں سے 13 کیسز جنوبی اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں، امید ہے ملک کے ہر بچے کو پولیو کے لا علاج مرض سے جلد محفوظ کرلیں گے۔