کراچی (اسٹاف رپورٹر) کپتان سلمان علی آغا کی شاندار بیٹنگ اور محمد نواز کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے کاری وار کرتے ہوئے تین ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پراعتماد انداز میں افغانستان کو39رنز سے شکست دے دی۔ درمیان اوورز میں افغانستان کے پانچ وکٹ چار رنز جبکہ آخری 8وکٹ50 رنز پر گرگئے۔182کے جواب میں افغان ٹیم ایک گیند پہلے143رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ہفتے کو پاکستان کا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات سے ہوگا۔ سابق کرکٹرز سلمان آغا کو مسلسل خراب کارکردگی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنارہے تھے۔ انہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے پاکستان کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی اور ناقدین کو چپ کرادیا۔ افغانستان کے راشد خان نے16 گیندوں پر39 رنز بنائے۔ حارث کو ایک اوور میں تین چھکے لگاکر چوتھا چھکا مارنے کی کوشش میں کیچ ہوگئے۔ اگلی گیند پر شاہین نے مجیب کو بولڈ کردیا۔ حارث رؤف نے31 رنز کے عوض چار ، شاہین آفریدی 21 ، محمد نواز 23اور سفیان نے25رنز کے عوض دو، دو شکار کیے۔ افغانستان نے جارحانہ انداز میں اننگز شروع کی۔17رنز پرابراہیم زدران شاہین آفریدی کی گیند پر9رنز بناکر بولڈ ہوئے۔ رحمن اللہ گرباز کو دس رنز پر چانس ملا جب شاہین نے محمد نواز کی گیند پر کیچ چھوڑ دیا۔ پاور پلے کے چھ اوورز میں پچاس رنز بنے۔ رحمن اللہ کو محمد نواز نے38 رنز پر بولڈ کیا انہوں نے 27گیندوں پر ایک چھکا اورتین چوکے مارے۔ آخری دس اوورز میں افغانستان کو 98رنز کی ضرورت تھی۔ حارث رؤف ڈبل وکٹ میڈن اوور کراکر پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ صدیق اللہ23اور کریم جنت صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اگلے اوور کی پہلی گیند پر سفیان نے درویش رسولی21 کو اپنی گیند پر کیچ کردیا۔عظمت اللہ عمر زئی صفر پر نواز کی اسٹمپڈ ہوئے ۔ محمد نبی تین رنز بناکر سفیان مقیم کا دوسرا شکار بنے۔ قبل ازیں شارجہ میں جمعے کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹ پر182رنز بنائے۔ پاکستانی بیٹرز نے آخری دس اوورز میں106 رنز بنائے۔ سلمان آغا نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے36 گیندوں پر53ناٹ آؤٹ رنز تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے، انہوں نے راشد خان کو دو لگاتار چھکے مارے۔ محمد نواز کے ساتھ 53رنز کی شراکت قائم کی۔ صاحب زادہ فرحان 10 گیندوں پر دو چھکے اور ایک چوکا لگاکر 21، صائم ایوب 16 گیندوں پر 14، فخر زمان 17 گیندوں پر 20 اور محمد نواز گیارہ گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21، محمد حارث 15 اور حسن نواز 9رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کے فرید احمد 47رنز کے دو، راشد خان 26،مجیب 22، محمد نبی18اورعظمت اللہ نے28رنز دے کر ایک، ایک وکٹ لی۔ فضل فاروقی کے تین اوورز میں31 رنز بنے۔