کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماضی کے ناخوشگوار واقعہ کو مدنظر رکھتے ہوئے شارجہ اسٹیڈیم میں تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور افغانستان کےدرمیان افتتاحی میچ کےپر امن انعقاد کےلئے دونوں شائقین کیلئے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے تھے۔ نہ صرف راستے بلکہ اسٹینڈز اور پویلین بھی مختلف تھے بلکہ ٹکٹس کے رنگ بھی الگ تھے۔ افغان شائقین کو نیلے جبکہ پاکستان شائقین کو ہرے رنگ کا ٹکٹ دیے گئے۔ شائقین نے میچ میں زبردست دلچسپی دکھائی ۔ شارجہ میں 2022 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان سے جیتا ہوا میچ ہارنے کے بعد اپنی ٹیم کی شکست پر افغان شائقین آپے سے ایسے باہر ہوئے کہ ڈنڈوں اور کرسیوں سے پاکستانی فینز پر حملہ کر دیا تھا اور نازیبا جملے کسے تھے، جس کے بعد افغان تماشائیوں پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ اس سے قبل 2019یں لیڈز میں ورلڈ کپ میچ کے بعد بھی افغان تماشائی مشتعل ہوگئے تھے۔