کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈکوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ پرو ہاکی لیگ میں شرکت کی خبر کا شدت سے انتظار تھا، پرولیگ میں پاکستان کو بہتر ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملے گا جس سے اسٹرینتھ کا علم ہو گا، پاکستان ہاکی ٹریک پر آئے گی۔ وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ ادھر ایف آئی ایچ نے اپنے بیان میں بتایا کہ پرو لیگ سے نیوزی لینڈ کی دستبرداری کے بعد پاکستان کو پرو لیگ 26-2025 میں جگہ ملی ہے، لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پاکستان سمیت 9 ٹیمیں اِن ایکشن ہوں گی ۔ پاکستان ہاکی ٹیم ارجنٹینا، آسٹریلیا، بیلجیئم، انگلینڈ، جرمنی، بھارت، نیدرلینڈز اور اسپین کے ساتھ کھیلے گی۔ پرو لیگ کے ساتویں سیزن کا شیڈول اور وینیوز کا اعلان جلد کیا جائے گا۔