اسلام آباد(صالح ظافر) پاکستان نے آذربائیجان کے روایتی حریف آرمینیا کے ساتھ اپنی تاریخ کی پہلی سفارتی سرگرمی شروع کرنے سے پہلے آذربائیجان کو اعتماد میں لیا ہے۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فَرہادوف نے جمعہ کی شام ترک یومِ فتح کی تقریب میں دی نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد اور باکو ہمیشہ باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے سے مشاورت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “ہم ایک قوم ہیں، دو ریاستوں کے ساتھ۔”جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان نے آرمینیا سے رابطے سے قبل آذربائیجان سے بات کی تھی تو وہ مسکرائے اور بولے: “کیا آپ اس کے برعکس سوچ سکتے ہیں؟”اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جمعہ کو آرمینیا کے وزیرِ خارجہ آرا رات میرزوئیان سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔