راولپنڈی (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کے طبی معائنے اور میڈیکل بورڈ کی تشکیل سے متعلق درخواست پر اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے ملزم کے طبی معائنے اور انہیں فراہم کردہ طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی میں جمع کرا دی، جیل سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق گرفتاری سے لیکر تاحال ملزم نے دانتوں اور آنکھوں سمیت جسم کے دیگر حصوں سے متعلق جو بھی شکایت کی تو اس کے فوری ازالے کیلئے متعلقہ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے رابطہ کرنے پر ملزم کا تفصیلی معائنہ کیا اور جو بھی ٹیسٹ یا ادویات تجویز کیں ہم نے فوری طور پر اس پر عمل کیا اور ضرورت پڑنے پر جیل ہسپتال میں بھی علاج ہوا، عمران خان نے اٹھائیس اگست کو اپنے وکلاء کے ذریعے عدالت میں درخواست دی تھی کہ میرے دانتوں اور آنکھ میں تکلیف ہے لہذا مجھے اپنے ذاتی معالج سے چیک اپ اور علاج کروانے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم ستمبر کو جواب طلب کیا تھا، گزشتہ روز جیل انتظامیہ نے عمران خان کی گرفتاری سے تاحال انہیں فراہم کردہ طبی سہولتوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دیں جس پر کل پیر کے روز سماعت ہوگی۔