کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین کرکٹ کونسل نے ایک کے سوا ایشیاکپ 2025کے تمام میچ نائٹ میں کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ 15ستمبر کو ڈبل ہیڈر میچ ہوگا، اس روز ابو ظبی میں یو اے ای اور عمان کے درمیان میچ شام چار بجے شیخ زائد اسٹیڈیم ابوظبی میں شروع ہو گا۔ یہ دن میں کھیلا جانے والا واحد میچ ہوگا ۔ نئے اوقات کار کے مطابق میچز یو اے ای کے وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ اور پاکستان وقت کے مطابق ساڑھے سات بجےشروع ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق یہ تبدیلی موسم کی وجہ سے شائقین کی آسانی کو مدنظررکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ ای سی بی کے مطابق، ابوظبی میں ہونے والے میچوں کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 40درہم (تقریبا 3ہزار پاکستانی روپے) سے شروع ہو گی، جب کہ دبئی میں شیڈول میچز کے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت 50 درہم (تقریبا 3ہزار 8سو پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں شیڈول مقابلے سمیت 7 میچز کے ٹکٹس کا پیکج 1400 درہم (تقریبا ایک لاکھ 7ہزار پاکستانی روپے) سے شروع ہوگا۔ شائقین فی میچ زیادہ سے زیادہ 10 ٹکٹ خرید سکتے ہیں، تاہم ہائی پروفائل میچز کیلئے فی شخص صرف 4ٹکٹس خریدنے کی اجازت ہوگی ۔ عام نشستوں کے علاوہ وی آئی پی باکسز اور وی آئی پی سوئٹس الگ سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوں گی ۔ قیمت فی فرد کے حساب سے طے کی جائے گی ۔ آن لائن ٹکٹ خریدنے کیلئے خریدار کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے ۔ میچ سے 24 گھنٹے قبل ٹکٹ الیکٹرانک طور پر جاری کیے جائیں گے، جو موبائل پر دستیاب ہوں گے یا گھر پر پرنٹ کیے جا سکتے ہیں۔اسٹیڈیمز میں کھانے پینے اور پارکنگ کی سہولیات الگ فیس کے عوض فراہم کی جائیں گی۔