اسلام آباد (عاصم جاوید) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے متنازعہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی مشروط حمایت کر دی۔ گزشتہ روز کے پی ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کیلئے کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے ضروری ہیں جن کے تحفظات ہیں اُن سے بات کی جائے،سیاست یا صوبائیت کے نام پر وہ پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، ملک کے مجموعی مفادات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے مفادات کسی کے ذاتی، صوبائی یا معمولی خدشات پر قربان نہیں کئے جا سکتے، علی امین گنڈا پور نے واضح کیا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد صوبوں کے خدشات اور تحفظات دور کرنے اور ان کے دستاویزی آبی حقوق کو یقینی بنانے کے بعد ہی ممکن ہونا چاہئیے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ بارشوں نے کئی شہروں میں تباہی مچائی۔ بونیر، شانگلہ، صوابی اور سوات سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں 12 سے 14 فٹ تک سیلابی پانی آیا اور مکانات تباہ ہو گئے۔