شارجہ (عبدالماجد بھٹی) تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شارجہ کی پچ پرافغانستان کا چار اسپنر زکھلانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ اوپنرز کو فضل الحق فاروقی نے آؤٹ کیا جس کے بعد اسپنرز کا جادو سر چڑھ کر بولا ، پاکستانی بیٹرزپر جواب میں کپکپاہٹ طاری ہوگئی ۔ افغانستان نے میچ 18 رنز سے جیت کر پہلے میچ میں شکست کا بدلہ لے لیا۔169کے جواب میں پاکستان نے9 وکٹ پر151رنز بنائے۔ حارث رؤف نے 34رنز 16گیندوں پر بنائے۔ منگل کی شب میچ کی ساتویں گیند پر صائم ایوب فضل فاروقی کو ہک شاٹ کھیلنے کی کوشش میں صفر پر کاٹ بی ہائینڈ ہوگئے۔ چوتھے اوور میں فضل الحق فاروقی نے دوسرے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو 18 رنز پر بولڈ کردیا۔ سواں میچ کھیلنے والے فخر زمان25 رنز بناکر محمد نبی کی 100ویں وکٹ بن گئے۔ اس دوران انہوں نے دوہزار ٹی ٹوئنٹی رنز کا سنگ میل عبور کر لیا۔ وہ بابر، رضوان ، حفیظ اور شعیب ملک کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پانچویں پاکستانی ہیں۔ اگلے اوور میں سلمان آغا غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں 20رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے ۔ نور احمد کی فل ٹاس پر حسن نواز 9رنز بناکر کیچ ہوئے۔75رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ محمد حارث ایک، فہیم اشرف 14،نواز 12اور شاہین صفر پر آوٹ ہوئے۔ نبی اور نور احمد نے 20-20 رنز دے کر دو، دوکٹ لیے۔ افغان کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹ پر169رنز بنائے۔ فہیم اشرف نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں27رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ رحمن اللہ گرباز8رنز بناکر صائم ایوب کا شکار بنے۔ ابراہیم نے45 گیندوں پر65رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور8چوکے شامل تھے۔ صدیق اللہ اتل نے45 گیندوں پر64رنز بنائے۔انہوں نے تین چھکے اور تین چوکے مارے۔ ایک سو رنز 14ویں اوور میں بنے۔ حارث روف نے تین اوورز میں38، سفیان مقیم نے تین اوورز میں33رنز دیے۔ صائم ایوب نے چار اوورزمیں 18رنز دیئے۔ شاہین آفریدی27 رنز دیے۔