• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے فلو ویکسین کا آغاز

سردیوں کی ویکسینیشن مہم کے آغاز کے ساتھ ہی اس ہفتے سے بچوں اور حاملہ خواتین کو فلو ویکسین لگائی جائے گی، این ایچ ایس کی جانب سے اہل افراد کو یاد دہانی کے لیے دعوت نامے ارسال کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ بروقت ویکسین لگوا سکیں۔

این ایچ ایس حکام کے مطابق افراد کو ویکسین لگوانے کے لیے دعوت نامے کا انتظار کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ این ایچ ایس ویب سائٹ، این ایچ ایس ایپ یا 119 پر کال کر کے اپائنٹمنٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

فلو ویکسین کے لیے تمام حاملہ خواتین اور دو سے سولہ برس تک کے بچے اہل قرار دیے گئے ہیں، جبکہ چھ ماہ سے اٹھارہ برس تک کے وہ بچے بھی ویکسین لگوا سکیں گے جو کلینیکل رسک گروپس میں شامل ہیں۔

اسکول جانے والے بیشتر بچوں کو ویکسین اسکول میں ہی فراہم کی جائے گی۔ تاہم، چھوٹے بچے اور وہ طلبہ جو اسکول یا نرسری میں ویکسینیشن کے دن غیر حاضر ہوں گے، اپنے جی پی یا کمیونٹی کلینک سے ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

حاملہ خواتین اپنی مڈوائفری ٹیم سے رابطہ کر کے مقررہ اپائنٹمنٹ پر ویکسین حاصل کر سکتی ہیں، یا پھر اپنے جی پی یا مقامی فارمیسی سے رجوع کر سکتی ہیں۔

علاوہ ازیں، اکتوبر سے فلو ویکسین 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد، 65 سال سے کم عمر کلینیکل رسک گروپس، کیئر ہومز کے رہائشیوں اور عملے، ایسے افراد جو قوت مدافعت سے محروم مریضوں کے قریبی ہیں، اور فرنٹ لائن ہیلتھ و سوشل کیئر اسٹاف کو بھی فراہم کی جائے گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید