شارجہ (عبدالماجد بھٹی) سہ فریقی سیریز میں پاکستان تیسرا میچ جیت کر فائنل میں پہنچ گیا جہاں اتوار کو افغانستان سے مقابلہ ہوگا۔ فخر زمان کی مشکل صورتحال میں فتح گر اننگز اور ابرار احمد کی جادوئی کیریئر بیسٹ بولنگ کی مدد سے پاکستان کو متحدہ عرب امارات کو31 رنز سے زیر کرلیا ۔ اسپنر ابرار احمد نے 9رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ 171 کے جواب میں ہوم ٹیم نے سات وکٹ پر140رنز بنائے۔ شاہین آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لی۔ علی شان شرفو نے 68رنز51گیندوں پر چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ کپتان محمد وسیم 19گیندوں پر19رنز اسکور کیے۔ گیارہویں اوور میں علی شان نے نواز کو دو مسلسل چھکے مارے لیکن آخری گیند پر ڈی سوزا نے انہیں اپنی وکٹ دے دی۔ آصف خان ایک چھکا مارنے کے بعد ابرار احمد کی گیند پر نواز کو کیچ دے بیٹھے۔ ہرشت کی وکٹ بھی ابرار احمد کو ملی ۔ قبل ازیں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد پاکستان نے 5 وکٹ پر 171 رنز بنائے ۔ فخر زمان اور محمد نواز نے ایک ایک کیچ ڈراپ ہونے کا فائدہ اٹھایا، فخر زمان نے 44 گیندوں پر 77 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، انہوں نے 10چوکے اور 2چھکے بھی لگائے۔ انہوں نے14 اننگز کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بارہویں ففٹی بنائی۔ محمد نواز نے 37 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز 27 گیندوں پر دو چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے کھیلی ۔80 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین واپس لوٹنے کے بعد دونوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 91رنز صرف 51گیندوں پر جوڑے۔ یہ اس وکٹ کی شراکت کا پاکستان کا نیا ریکارڈ ہے ۔ صاحب زادہ فرحان 16،صائم ایوب11، کپتان سلمان علی آغا 7اور حسن نواز 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یو اے ای کیلئے حیدر علی نے17رنز پر 2 وکٹیں لیں ۔ میچ میں پاکستان نے حارث رؤف کی جگہ سلمان مرزا جبکہ صفیان مقیم کی جگہ ابرار احمد کوموقع دیا ۔