• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں اسرائیلی جنگ کی امریکی حمایت کیخلاف احتجاج پر 2 سابق فوجی اہلکار گرفتار

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

امریکی سینیٹ کی خارجہ اُمور کمیٹی کی سماعت کے دوران غزہ میں اسرائیلی جنگ کی امریکی حمایت کے خلاف احتجاج کرنے پر دو سابق فوجی اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ہونے والے سابق فوجیوں میں متنازع غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے وسل بلوور انتھونی اگویلر بھی شامل ہیں، جنہوں نے دنیا کو بتایا کہ کس طرح جی ایچ ایف کے مسلح اہلکاروں نے غزہ میں امداد کے دوران جان بوجھ کر نہتے فلسطینیوں پر گولیاں چلائیں اور جنگی جرائم کیے۔

 امریکی سینیٹ کی خارجہ اُمور کمیٹی کی سماعت کے موقع پر احتجاج کرنے والے دونوں فوجی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ امریکہ غزہ میں جاری نسل کشی میں اسرائیلی حکومت کا شریکِ جرم ہے۔ کیپیٹل پولیس نے فوری طور پر دونوں کو پکڑ کر ہال سے باہر نکال کر گرفتار کر لیا۔

دوسری اہلکار سابق فوجی انٹیلی جنس اینالسٹ جوزفین گلِبو ہیں جنہوں نے آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ کو نسلی طور پر صاف کر رہا ہے، وہ اسے کنسنٹریشن کیمپ بنا رہا ہے۔ 

اس موقع پر خارجہ اُمور کمیٹی کے چیئرمین جیمز رِش نے اِن دونوں کو جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ پولیس دونوں سابق فوجیوں کو ہتھکڑیاں لگا کر باہر لے گئی، اس دوران اگویلر نے کہا کہ امریکی کانگریس بچوں کی موت کے لیے پیسے دے رہی ہے اور جب کانگریس سابق فوجیوں کے پیچھے آسکتی ہے تو عوام کے پیچھے بھی آسکتی ہے۔ 

جوزفین گلِبوکو فوری رہا کر دیا گیا اور اگویلر کو جیل میں چند گھنٹے تنہائی میں رکھنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق چیئرمین جیمز رِش کو اسرائیلی لابیز کی طرف سے ڈھائی لاکھ ڈالر سے زیادہ کی انتخابی فنڈنگ مل چکی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید