• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیوٹن ٹرمپ بات چیت کی فی الحال کوئی تیاری نہیں: دمتری پیسکوف

روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف — فائل فوٹو
روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف — فائل فوٹو

کریملن کا کہنا ہے کہ پیوٹن-ٹرمپ بات چیت کی فی الحال کوئی تیاری نہیں ہے لیکن یہ جلد ترتیب دی جا سکتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ فی الحال صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ممکنہ بات چیت کی کوئی تیاری نہیں ہے تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ مختصر نوٹس پر رابطے کا بندوبست کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوٹن اور ٹرمپ کے درمیان بات چیت ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہے، کیونکہ دونوں قومی مفادات کا دفاع کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پیوٹن امریکی صدر کے ساتھ تعمیری تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔

ادھر کریملن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ غیرملکی فوجی دستے یوکرین کے لیے سیکیورٹی ضمانتیں نہیں دے سکتے۔ روس یوکرین اعلیٰ سطح ملاقات سے قبل بڑے پیمانے پر تیاری اور کام کی ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شمالی کوریائی فوجی یوکرین میں نہیں روسی سرزمین پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ پوٹن کو دوبارہ فون کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

علاوہ ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے روسی ایندھن نہ خریدنے کے لیے یورپی ممالک پر دباؤ ڈالا ہے اور کہا ہے کہ یوکرین میں جنگ رُکوانا چاہتے ہیں تو روس سے ایندھن کی خریداری نہ کریں اور چین پر معاشی دباؤ بڑھائیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید