اسلام آباد ( طاہر خلیل ) خاتون اول،رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے ایس ایم بند کے مختلف مقامات پر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، خاتون اول کو دریائے سندھ میں ممکنہ سیلابی ریلوں سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ، بی بی آصفہ بھٹو زرداری نےکہا ہے قدرتی آفت کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ شہری بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرکے انتظامیہ کی ہد ایات پر عمل کریں ، اگر انتظامیہ انخلاء کی درخواست کرے تو شہری اس اپیل پر سنجیدگی سے عمل کریں کیونکہ آپ کی زندگی قیمتی ہے۔بپھرتے پانی سے انسانی زندگیوں، املاک، کھیت کھلیان اور جانوروں کو بچانا ایک بڑا چیلنج ہوگا،ممکنہ سیلاب کا مقابلہ کرنے کے لئے مانیٹرنگ سے لے کر ہنگامی حالات کی درجہ بندی تک مؤثر منصوبہ بندی ناگزیر ہے، ممکنہ سیلاب کا مقابلہ کرنے کیلئے مختلف محکموں کے درمیان مزید بہتر کوآرڈینیشن ضروری ہے،ممکنہ سیلاب کی صورت میں کسی بھی قسم کی بداحتیاطی ہنگامی صورت حال سے دوچار کرسکتی ہے۔