• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ نے اپنے قریبی افراد کو حراست میں لئے جانے کی اطلاعات مسترد کردیں، عوام کان نہ دھریں، مراد شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے سیلاب میں تاخیر ہوئی ہے اور اب یہ 9 ستمبر کو گڈو بیراج پہنچنے کا امکان ہے جس کے ساتھ پانی کا بہاؤ 8 لاکھ کیوسک سے زیادہ ہوگا تیاری کے طور پر دریا کے کنارے بسنے والی خطرے میں موجود آبادیوں کی نقل مکانی تیز کردی گئی ہے انہوں نے قریبی افراد کو حراست میں لینے کی تردیدکی اور کہا کہ ان کے دہری شہریت کے کیس کوممکنہ طور پرآئینی بینچ کے حوالے کیا جائے گا ۔افواہوں کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان کی دہری شہریت کے کیس کا فیصلہ سنایا تھاجس پر نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی ہے اور ممکنہ طور پر اسے آئینی بینچ کے حوالے کیا جائے گا انہوں نے ان اطلاعات کو مسترد کیا کہ ان کے قریبی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور عوام سے کہا کہ غلط اطلاعات پر کان نہ دھریں۔فلڈایمرجنسی سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ کمشنرز نے کچے کے علاقوں میں اعلان کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ لوگ اپنے مکانات خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔ صوبائی وزراء دریا کے دونوں کناروں پر موجود ہیں تاکہ نقل مکانی کے عمل کی براہ راست نگرانی کی جا سکےان کے ہمراہ وزیر اطلاعات شرجیل میمن، وزیر بحالی مخدوم محبوب زمان اور چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ موجود تھے۔

اہم خبریں سے مزید