لندن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں برطانوی اخبار گارڈین نے ایک تجزیاتی رپورٹ میں لکھا ہے کہ دنیا کے کئی بڑے رہنما ٹرمپ کی خوشنودی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کے ساتھ تعلقات ہمیشہ عارضی اور غیر مستحکم ثابت ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 2019ء میں ٹیکساس کے ’’ہاؤڈی مودی‘‘ جلسے میں ٹرمپ کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی، لیکن بعد میں امریکی صدر کے تجارتی اقدامات اور پاکستان سے روابط نے اس دوستی کو نقصان پہنچایا۔ مودی اب روسی صدر ولادیمیر پوتن کے قریب دکھائی دے رہے ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں، یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وان ڈر لین اور میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام بھی ٹرمپ کے رویے سے مایوس ہیں۔ ٹرمپ نے کسی موقع پر تعریف کی تو اگلے ہی لمحے سخت دھمکیاں دیں، حتیٰ کہ میکسیکو پر حملے کی بات بھی کر ڈالی۔