کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نیا ناظم آباد کے قریب مسلح ملزمان نجی کمپنی کے کیش وین سے 2کروڈ 32لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،پولیس نےمنگھو پیر تھانے میں واقعے کا مقدمہدرج کر لیا، پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات جمعہ کو دن 12 بجکر 48منٹ پر ہوئی جس میں موٹرسائیکل سوار 5 ملزمان 2کروڑ 32لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ ایف آئی آر نمبر 651/2025 کے مطابق مدعی غازی خان نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ گرم چشمہ منگھو پیر کا رہائشی اور نیا ناظم آباد میں بحثیت سیکیورٹی سپروائزر ملازمت کرتا ہے ، مدعی نے اپنے بیان میں بتایا کہ 5ستمبر 2025کو وہ حسب معمول اپنی سیکیورٹی چیک کرتے ہوئے جب دن 12بجکر 48منٹ پر مین گیٹ نیا ناظم آباد پہنچا تو ہماری کیش وین میرے پاس سے گزری جس میں ڈرائیور عنایت ولد سخی مرجان، رائیڈر عقیل ولد محمد خورشید اور گن مین آفتاب ولد محمد رمضان بیٹھے ہوئے تھے اور جا کر میزان بینک کے سامنے رکی رائیڈر عمران وین سے ایک تھیلا جس میں 22لاکھ 20ہزار روپے کی رقم تھی لیکر بینک میں گیا اور وہاں جمع کرا دیا جس کے بعد کیش وین نارتھ ناظم آباد جانے کے لیے جیسے ہی آگے بڑھی تو 5مسلح افراد آئے اور اسلحہ کے زور پر وین روکی اور گن مین آفتاب سے اس کی رائفل 223اور لوڈ میگزین بمعہ 20راؤنڈ چھین لیے پھر ملزمان نے نقد رقم کا تھیلا جس میں 2 کروڑ 32 لاکھ 84 ہزار 580 روپے تھے چھین کر موٹرسائیکل پر بیٹھ کر میرے سامنے سے گزرتے ہوئے چلے گئے، مدعی نے بتایا کہ میں نے سارا واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا، مدعی کا کہنا ہےکہ ملزمان کے سامنے آنے پر وہ انہیں شناخت کر سکتا ہے، مقدمہ کی تفتیش ایس آئی او تھانہ منگھو پیر کے سپرد کی گئی۔ دریں اثناء نیا ناظم آباد کلمہ چوک کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران کیش وین سے 2 کروڑ 32لاکھ 84ہزار 580روپے چھینے جانے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں کیش وین کو نجی بینک کے باہر کھڑا دیکھا جا سکتا ہے کیش وین سے ایک شخص رقم سے بھرا تھیلا بینک میں لے جاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔