دبئی (اے ایف پی) عالمی ٹیک کمپنی مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ اس کے ایژور (Azure) کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم کا نیٹ ورک ٹریفک مشرقِ وسطیٰ کے بعض حصوں میں سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ بحرِ احمر میں زیرِ سمندر فائبر کیبلز کے کٹنے کو قرار دیا گیا ہے۔ مائیکروسافٹ نے واضح نہیں کیا کہ یہ کیبل کیسے کٹ گئی لیکن صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ ہفتے سے نیٹ ورک متاثر ہے۔ کمپنی کے مطابق جو نیٹ ورک ٹریفک مشرق وسطیٰ سے نہیں گزرتا، وہ متاثر نہیں ہوا۔ انٹرنیٹ رسائی کی نگرانی کرنے والے ادارے نیٹ بلاکس نے بتایا ہے کہ بحرِ احمر میں کئی زیرِ سمندر کیبلز کے کٹنے سے متعدد ممالک بشمول بھارت اور پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار اور رابطے متاثر ہوئے ہیں۔