کراچی( افضل ندیم ڈوگر) قومی ائیرلائن پی آئی اے کی 1118پروازیں صرف 1یا 2 مسافروں کے ساتھ آپریٹ کئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ یہ انکشاف پی آئی اے کی 23-2021کی سالانہ آڈٹ رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔ اس نمائندے کے پاس دستیاب رپورٹ کی کاپی کے مطابق اس مالی سال کے دوران قومی ائیر لائن کی816پروازیں صرف ایک مسافر کے ساتھ روانہ ہوئیں جبکہ 302پروازوں میں صرف 2، 2مسافر منازل کیلئے روانہ ہوئے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق کم لوڈ پر پروازیں چلانا وسائل کا کھلا ضیاع تھا اور کم ترین مسافروں کے باوجود پروازیں منسوخ یا ریفنڈ نہیں کی گئیں۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق قومی ائیرلائن انتظامیہ کی کمزور پلاننگ اور ناقص فیصلوں کے باعث ایسا ہوا۔ 6جون 2024کو ایئر لائن انتظامیہ کو دی گئی رپورٹ کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ یاد دہانیوں کے باوجود ڈی اے سی اجلاس نہیں بلایا گیا، ترجمان قومی ائیر لائن کے مطابق موثر فلائٹ پلاننگ اور باقاعدہ کارکردگی کے جائزوں کی فوری ضرورت ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آڈٹ پیرا ڈرافٹ پیرا چارٹر پروازوں پر بنایا گیا تھا، چارٹر پروازوں کی ایک طرف عمومی طور پر خالی جاتی ہیں۔ پرواز کی قیمت یکطرفہ مسافروں کے ٹکٹ سے پوری کی جاتی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ آڈٹیٹرز سے بات چیت کے دوران یہ پیرا ڈراپ یا ختم کردیا گیا تھا۔