نوشہرو فیروز،پڈعیدن،مورو ( نامہ نگاران) ضلع نوشہروفیروز کے صدوجہ تھانہ کی حدود میں افسوسناک روڈ حادثہ، کار اور ڈمپر کے تصادم میں 7 افراد موقع پر جاں بحق،لاشیں مورو اسپتال منتقل۔ایس ایس پی نوشہروفیروز میر روحل خان کھوسو کا نوٹس،ڈمپر کو پولیس نے تحویل میں لے لیا،مقدمہ درج کرنے کا حکم۔پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے پر ایک خراب ٹرالر کھڑا تھا، جس کی وجہ سے آگے جانے والی مہران کار نے سست رفتاری اختیار کی۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ایک ڈمپر نے مہران کار کو زور دار ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں کار کے پرخچے اڑ گئے ،حادثہ کے نتیجے میں کار میں سوار 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں میں 2 مرد، 3خواتین اور 2 بچے شامل ہیں حادثہ کے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی شناخت ضلع خیرپور، لقمان جانوری کے رہائشیوں کے طور پر ہوئی ہے۔ایس ایچ او سدوجہ اور ڈی ایس پی مورو موقع پر پہنچے جبکہ ڈی ایچ او نوشہروفیروز کی جانب سے ایمبولینسیں روانہ کرکے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔جاں بحق افراد کی شناخت غلام محمد ولد بخشن جانوری، سکنہ لقمان ضلع خیرپور علی احمد جانوری دیگر 3 خواتین اور 2 بچوں کی شناخت بھی جاری ہے ڈمپر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے