ماہرینِ غذائیت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مکمل کھانے (کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین) سے پہلے سبزیاں (سلاد) کھانا صحت کے لیے بےشمار فوائد کا حامل ہے۔
سلاد آج کے دور میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے کھانوں میں سے ایک ہے، یہ کھانے میں ناصرف ہلکا پھلکا بلکہ دیکھنے میں بھی رنگ برنگا آنکھوں کو خوب بھاتا ہے، غذائی اجزاء سے بھرپور سلاد دوپہر کے کھانے سے پہلے کھایا جایا تو مجموعی صحت پر اس کے مثبت اثرات دوگنے ہو جاتے ہیں۔
کھانے سے پہلے سلاد کھانے سے پیٹ جَلدی بھر جاتا ہے، سبزیوں میں موجود فائبر بھوک کو قدرتی طور پر کم کرتا ہے جس کی وجہ سے ’مین کورس‘ میں آپ کم مقدار میں کھانا کھاتے ہیں۔
امریکی ادارہ برائے صحت (NIH) کی تحقیق کے مطابق فائبر سے بھرپور غذا کھانے سے مجموعی کیلوریز کی کھپت کم ہوتی ہے اور وزن قابو میں رہتا ہے۔
کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور کھانے سے پہلے سلاد کھانے سے نشاستے اور شکر کے ہضم ہونے کا عمل سست ہو جاتا ہے، اس سے بلَڈ شوگر میں اچانک اضافہ نہیں ہوتا اور توانائی دن بھر برقرار رہتی ہے۔
’جرنل آف امریکن ڈائیٹک ایسوسی ایشن‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے سے پہلے سبزیاں کھانے سے شوگر کنٹرول ہوتی ہے، خاص طور پر اُن افراد میں جو انسولین ریزیسٹَنس کا شکار ہیں۔
سبزیوں میں وٹامنز اور منرلز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جیسے کہ پالک اور ہرے پتے کی سبزیوں میں وٹامن کے، وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو دل کی صحت، مدافعتی نظام اور جِلد کے لیے فائدہ مند ہیں۔
کھانے سے پہلے سبزیاں کھانے سے جسم زیادہ بہتر طریقے سے غذائی اجزاء جذب کر پاتا ہے۔
کچا سلاد معدے کو کھانے کے لیے تیار کرتا ہے اور فائبر اور انزائمز ہاضمے کو تیز کرتے ہیں جس سے بدہضمی اور پیٹ پھولنے کے مسائل کم ہوتے ہیں، سلاد کا مسلسل استعمال آنتوں کی صحت بہتر بناتا ہے۔
کھیرا اور سلاد پتا جیسی سبزیوں میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، اِنہیں کھانے سے جسم ہائیڈریٹ رہتا ہے اور زہریلے مادے قدرتی طور پر خارج ہوتے ہیں۔
فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس دل کی بیماریوں کا خطرہ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
سلاد میں موجود وٹامنز جسم کو بیماریوں سے لڑنے کی طاقت دیتے ہیں اور بہتر جذب کے باعث فائدہ دُگنا ہو جاتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنے لیے بہترین غذا کے انتخاب کےلیے ماہر غذائیت سے رابطہ کریں۔