اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو ٹیلی فون کیا اور دوحہ میں اسرائیلی افواج کی طرف سے غیر قانونی اور بہیمانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے امیر قطر، شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اسرائیلی افواج کی طرف سے دوحہ میں بمباری کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور شہری املاک کو نقصان پہنچا ہے، وزیراعظم نے اسرائیل کے حملے کو ایک گھناؤنا عمل قرار دیا، جس سے اس کے رہنماؤں کی ذہنیت کا پتہ چلتا ہے جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کےلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جو کہ ایک انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے اور یہ علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات سے دو چار کر سکتی ہے،وزیراعظم نے امیر قطر کو یقین دلایا کہ پاکستان اسرائیل کی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔