اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کمپنیوں کی شناخت کیلئے نہ صرف ایف بی آر میں موجود افرادی قوت بلکہ نجی شعبے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں، انہوں نے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی کیلئے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی پذیرائی اور ٹیکس چور افراد کی سرزنش ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے مفید ہوگی۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کیلئے کاروبار دوست ماحول اور ہرممکن سہولت فراہم کرنے اور ٹیکس چور افراد کی شناخت اور ان سے محصولات کی وصولی کیلئے پروفیشنلز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔