ویسٹ یارکشائر پولیس کی پرو ایکٹیو انٹرسیپٹ ٹیم نے پچھلے پانچ برسوں کے دوران تقریباً 3 ہزار گرفتاریاں اور 3 کروڑ 24 لاکھ پاؤنڈ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی۔
اگست 2020ء سے اگست 2025ء تک اس ٹیم نے 2,971 گرفتاریوں کو یقینی بنایا جو اوسطاً ہر ہفتے 11 گرفتاریوں کے برابر ہے۔
اس دوران پولیس نے 39 لاکھ پاؤنڈ سے زائد نقدی اور منشیات برآمد کی، 1,700 گاڑیوں کی تلاشی لی اور 1,660 سے زائد گاڑیاں ضبط کیں۔
ان کارروائیوں میں چوری شدہ گاڑیاں، منشیات سے جڑے جرائم میں ملوث ڈرائیورز اور غیر قانونی یا چوری شدہ موٹر بائیک چلانے والے شامل تھے۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے چیف انسپکٹر جیمز فیرار نے کہا ہے کہ یہ ٹیم خصوصی ڈرائیونگ مہارتوں کے ساتھ تمام دستیاب انٹیلی جنس اور جدید پولیسنگ حکمتِ عملی استعمال کرتی ہے تاکہ اُن مجرموں کو نشانہ بنایا جا سکے جو سب سے زیادہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں مجرموں کے لیے ایک سخت پیغام ہے کہ اگر آپ ہماری سڑکوں کو جرائم کے لیے استعمال کریں گے تو آپ کو لازمی طور پر پکڑا جائے گا اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔