• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطر سمجھتا ہے اس کے ساتھ دھوکا ہوا ہے: خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قطر سمجھتا ہے کہ اس کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ملاقات میں شریک وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے یہ بات جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ قطر میں یہ احساس ہے کہ معاملہ اب فلسطین سے آگے بڑھے گا، قطر پر حملے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناراضی کافی نہیں ہے، یہ مسئلہ مسلم امہ کو حل کرنا پڑے گا۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا کا طالبان کے ساتھ گفت و شنید کا سلسلہ قطر میں ہوتا تھا، حماس کے سیاسی ونگ کو بھی قطر لایا گیا، امریکا کا بڑا اتحادی اب قطر میں حماس قیادت پر حملہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں مکمل تباہی کرکے اسرائیل کی شرائط پر کوئی حل نکالا جائے، امریکا کی اوّل اور آخر ترجیح اسرائیل ہی ہے، گزشتہ کچھ عرصے میں کئی عرب ممالک اور ایران پر حملہ ہو چکا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حماس کے سیاسی ونگ کو بھی امریکا قطر لے کر آیا، خطے میں سب سے بڑا امریکی بیس قطر میں ہے، ٹرمپ کا قطر میں شان و شوکت کے ساتھ حالیہ دورہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج امن ہو جائے تو نیتن یاہو ایک دن کے لیے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتا، جب تک جنگ جاری رہے گی نیتن یاہو کا اقتدار چلتا رہے گا، اللّٰہ ہمیں سمجھنے کی توفیق دے کہ یہ جنگ ہم نے خود لڑنی ہے، اسرائیل کے حملے کے خلاف امریکا کو قطر کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید