اسلام آباد (اسرار خان)پاکستان میں 800 میگاواٹ بجلی کی ترسیلی حقوق کی پہلی مرتبہ نیلامی، مشاورتی عمل کے لیے مسودہ منصوبہ جاری؛ سالانہ نیلامیوں اور سخت تعمیل کے قواعد کا تعین ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اپنی تاریخ میں پہلی بار مسابقتی بولی کے ذریعے 800 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کے حقوق کی نیلامی کرے گا۔ یہ ایک سنگ میل اقدام ہے جس کا مقصد اپنے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو نجی خریداروں اور فروخت کنندگان کے لیے کھولنا اور مارکیٹ کی اجارہ داریوں کو کم کرنا ہے۔ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) نے مشاورتی عمل کے لیے ترسیلی نیلامی 2025 کے لیے ایک مسودہ فریم ورک گائیڈ لائنز جاری کی ہیں، جس میں کمپیٹیٹیو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ فریم ورک کے تحت نیلامی پر مبنی الاٹمنٹ سسٹم کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی طرف سے اعلان کردہ کمپیٹیٹیو مارکیٹ آپریشن ڈیٹ پر نافذ العمل ہوگا اور پانچ سال تک نافذ رہے گا۔