کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز کے زیرِ اہتمام لیاقت میموریل آڈیٹوریم اسٹیڈیم روڈ کراچی میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہری آبادیوں کے لیے 100نئے اسکولوں کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ اور شہر ملک کے ریونیو میں 70فیصد سے زائد حصہ ڈالتا ہے لیکن افسوس کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سندھ کے شہری علاقے تعلیم کی سہولت سے محروم ہوگئے۔ کراچی کے اسکولوں اور بنیادی تعلیم کی صورتحال کسی طور بھی قابلِ فخر نہیں ہے۔ آج اگر عوامی نمائندے اپنی ذمہ داری پوری کریں تو اس شہر کی تقدیر بدل سکتی ہے۔پاکستان کی اربنائزیشن کا 80فیصد کراچی میں ہوا مگر اس کے باوجود یہاں کے شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ جب تک خوشحالی کراچی میں نہیں آئے گی اسلام آباد تک بھی نہیں پہنچ سکتی۔ تعلیم اور شعور ہی فلاح کا واحد راستہ ہے اور یہی پاکستان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر صوبائی اسمبلی علی خورشیدی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی طہ احمد خان سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ کراچی کی آبادی، قربانی اور خدمات پورے پاکستان کی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ تقریب میں نئے اسکولوں کے قیام کو ایم کیو ایم پاکستان کا انقلابی قدم قرار دیا گیا جس سے شہری آبادیوں میں تعلیم کی کمی پوری ہوگی اور نئی نسل کو روشن مستقبل فراہم ہوگا۔