• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلاب متاثرین کے لئے امدادی میچز کرائے جائیں، کھلاڑیوں کی اپیل

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر ملک کے نامور کھلاڑی بھی میدان میں آگئے، انہوں نے اپنی فیڈریشنوں سے متاثرین کی مدد کے لئے امدای مقابلوں کے انعقاد کی درخواست کرتے ہوئے مقابلوں کے لئے اپنی خدمات بلا معاوضہ پیش کردی، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کُن صورتحال ہے، ایسے میں حکومتوں کو کاروبار نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ہ سیلاب متاثرین سے ملیں، ان کو گلے لگائیں اور اس مشکل وقت میں ان کا سہارا بنیں۔قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے پی ایچ ایف کو سیلاب متاثرین کی امدا د کے لئے قومی سنیئر ہاکی ٹیم اور ویٹرنزالیون کے درمیان بینفٹ ہاکی میچ کے انعقاد کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام قومی اورسابق کھلاڑی میچ میں شرکت کے لئے تیار ہیں،پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بیتر احمد شہزاد کی جانب سے کمالیہ میں سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کی گئیں۔قومی کرکٹر احمد شہزاد نے کہاکہ حالیہ سیلاب نے بہت زیادہ تباہی مچائی ہے، متاثرین کی بحالی کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ قومی بیڈ منٹن اسٹار ماہور شہزاد نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پوری قوم اپنا کردار ادا کرے، نامور قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جاپان روانگی سے قبل قوم سے اپیل کی کہ اس مشکل لمحات میں متاثرین کی دل جوئی کی جائے، قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا کہ قومی ہاکی کھلاڑی امداد میچ میں کھیلنے کو اپنے لئے فخر محسوس کریں گے، خاتون ایتھلیٹ نسیم حمید نے کہا کہ سیلاب کی تباہی سےخوف کی صورت حال ہے ، قوم سے اپیل ہے کہ آگے بڑھ کر متاثرین کو گلے لگائیں،قومی ریسلر محمد انعام بٹ نے کہا ہے کہ ریسلنگ کے امدادی مقابلے کرائے جائیں تمام ریسلرز اس میں شرکت کو اپنا فرض تصور کریں گے،ٹیبل ٹینس کی سابق قومی چیمپئن شبنم بلال نے کہا کہ ہم قوم سے ہیں،مشکل حالات میں ان کے لئے ہم بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں، فیڈریشن مادادی مقابلوں کا اعلان کرے، انٹر نیشنل ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہی اور نقصانات پر دکھ ہے،قوم سے اپیل ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کرے، حکومت کو بھی آگے بڑھ کر مزید بہت کچھ کرنا ہوگا،والی بال، باسکٹ بال کے قومی کھلاڑیوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے امدادی مقابلوں کی تجویز دیتے ہوئے کھیلوں کے عالمی اداروں سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔

اسپورٹس سے مزید