• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، اسلحہ کے بعد کرکٹ کی جنگ، نوجوان پاکستانی ٹیم جیت کیلئے پرامید

دبئی(عبدالماجدبھٹی)پاک بھارت اسلحہ کی جنگ کے بعد بیٹ بال کی جنگ اتوار کو دبئی میں ہوگی،تمام تر مخالفتوں کے باوجود انتظار کی گھڑیاں ختم ،ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ کے لئے میدان تیار ہوگیا، اتوار کو شام دبئی اسٹیڈیم اس بڑے ٹاکرے کی میزبانی کرے گا۔ٹی ٹوئینٹی کا عالمی چیمپین اور ایشیا کپ کا دفاعی چیمپین بھارت اس میچ کو جیتنے کے لئے فیورٹ ہے لیکن نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم جنگی میدان کے بعد کر کٹ گراؤنڈ میں بھی مضبوط حریف کو اپ سیٹ کرنے کے لئے پر امید ۔ میچ کے لئے حفاظتی اقدامات بھی سخت ہیں،صائم ایوب ، صاحبزادہ فرحان،حسن نواز، صفیان مقیم پہلی بار بھارت کے خلاف کھیلیں گے۔ مئی میں پاکستان نے جنگ میں بھارت کو دھول چٹوائی تھی جس کے بعد یہ میچ گراونڈ میں کشیدہ حالات میں کھیلا جائے گا۔بھارتی حکومت نے اپنی ٹیم کو ایشیا کپ کی میزبانی کی اجازت دی ہے ،مگرگراونڈ میں ماحول آئیڈیل نہیں ہوگا ۔دونو ں ملکو ں کے درمیان دو طرفہ روابط 13سال سے ختم ہیں۔لیکن ملٹی نیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں کے درمیان اچھے اور کانٹے دار میچ کا امکان ہے۔توقع ہے کہ سلو پچ پر اسپنرز کا پلہ بھاری رہے گا۔امکان ہے کہ پاکستان اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اترے گاجس نے پہلے میچ میں عمان کو93رنز سے شکست دی تھی جبکہ بھارتی ٹیم بھی اپنے تین اسپنرز کے ساتھ پاکستان کی نسبتا کمزور ٹیم کے خلاف حملہ آور کے لئے تیار ہے۔پاکستان نے ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میں بھارت کے خلاف تین میچ جیتے ہیں ان میں سے دو میچ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے۔جبکہ9میچوں میں بھارت فاتح رہا اور ایک میچ ٹائی رہا۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ گذشتہ سال جون میں ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں نیویارک میں کھیلا گیا تھا جب پاکستانی بولروں نے بھارت کو119رنز پر آوٹ کیا لیکن پاکستان میچ 6رنز سے ہارگیا۔جسپریت بمرا نے14رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے تھے۔دبئی کے میچ میں بمرا کے چار اوورز پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کے لئے آزمائش ہوگی۔ پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں بابر اعظم اور محمد رضوان شامل نہیں ہیں جبکہ ماضی میں پاکستان کے خلاف بھارت کو ہارے ہوئے میچ جتوانے والے ویرات کوہلی ریٹائر منٹ لے چکے ہیں۔روہت شرما بھی ٹیم کا حصہ نہیں ۔چھ ماہ قبل پاکستانی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے والے مائیک ہیسن کے لئے یہ میچ آزمائش سے کم نہیں ،جن کی شکل میں پاکستان کو وہ کوچ مل گیا ہے جو روایتی اپروچ سے ہٹ کر پاکستان کے ہی کرکٹ کلچر میں ڈھل کر اسے بہتر کرنے پہ مائل ہے۔ پاکستان نے عمان پر بھاری مارجن سے فتح پائی ہے۔ بھارت کے خلاف میچ سے پہلے یہ اعتماد اس ڈریسنگ روم کے لیے ضروری بھی تھا۔ پاکستانی ہیڈ کوچ کہتے ہیں کہ میں نے پاک بھارت کے کئی میچ دیکھے ہیں ،کچھ میں میں نے کمنٹری بھی کی ہے۔میری نظر میں دوسرے کئی میچوں اور دوسرے فائنل کی طرح عام میچ ہے۔اتوار کو ہمارا مقصد یہ ہوگا کہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔،ہمیں اندازہ ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے بھارت پراعتماد ہے، ہم بھارت کے اس چیلنج کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے،ہمارے پاس ملٹی اسکل ٹیلنٹیڈ کھلاڑی موجود ہیں جو ہمیں سلیکشن میں کئی آپشن اور لچک دیتا ہے یہ پچ شارجہ کی طرح اسپین نہیں کرے گی۔بھارت کے میچ میں ہم نے دیکھا کہ کلدیپ یادیوکی بال ٹرن نہیں کررہی تھی کلائی والے اسپنر کو پچ سے فرق نہیں پڑتا۔ ہمارے پاس پانچ ورلڈ کلاس اسپنر ہیں محمدنواز دنیا کا بہترین اسپنر ہے چھ ماہ سے جب سے نواز نے کم بیک کیا ہے اس کی کارکردگی خوب رہی ہے۔ابرار احمد اور صفیان مقیم کی اس وقت بہترین فارم میں ہیں صائم ایوب دنیا کا بہترین آل راونڈر ہیں اس کا شمار دس بہترین آل راونڈرز میں ہوتا ہے ہمیں کنڈیشن ملیں تو ہمارے پاس ٹاپ کلاس اسپنر ہیں ورنہ پانچ اچھے فاسٹ بولر بھی ہیں۔عمان کے خلاف میچ کے بعد سلمان علی آغا نے کہا کہ ہماری بولنگ شاندار رہی ، بیٹنگ مزید بہتر کرنا ہوگی، ہمیں 180 کے قریب رنز بنانے چاہیے تھے۔ ہم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، قومی ٹیم بھارت سے مقابلے کیلئے ہر طرح سے تیار ہے۔ہماری بولنگ شاندار رہی لیکن بیٹنگ مزید بہتر کرنا ہوگی۔ دبئی کے گرم موسم میں یہ میچ کھیلا جائے گا، جہاں دن کے وقت درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے،میچ کے دوران سورج غروب ہونے کے بعد درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوگا۔بھارت آٹھ بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز دو مرتبہ حاصل کیا ہے۔اس بڑے مقابلے کے ٹکٹ کی مانگ بدستور بڑھ رہی ہے، جو چالیس ہزار روپے سے شروع ہوکر تیرہ لاکھ روپے تک جا پہنچی ہیں۔پاکستانی بیٹنگ لائن کی میچ میں کارکردگی اہم ہوگی۔کپتان سلمان علی آغا کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اس فارمیٹ میں دنیا کے صف اول کے بیٹسمین ہیں۔ بھارتی بولنگ لائن اپ میںجسپرت بمرا، کلدیپ یادیو،اکسر پٹیل اوروارون چکرورتی نمایاں ہیں۔ پاکستانی اسپنر صفیان مقیم ،ابرار ااحمد اور محمد نواز کا شمار دنیا کے بہترین اسپنرز میں ہوتا ہے۔شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف اس فارمیٹ کے بہترین فاسٹ بولرز ہیں۔

اسپورٹس سے مزید