کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الکوزئی قومی موومنٹ کے رہنماوں عید محمد ، حاجی نصیب اللہ ، جبار آکا ، حمزہ خان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما نور درانی نے کہا ہے کہ 3 ماہ قبل سرانان سے اغوا ہونے والے 2 نوجوانوں کو فوری طور پر بازیاب کیا اور ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے بصورت دیگر الکوزئی قومی موومنٹ سخت احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ چمن شاہراہ کو بند کرنے پر مجبور ہوگی ۔ یہ بات انہوں نے الکوزئی قبائل کے جرگے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حاجی قبات خان کے 2 بیٹوں عدنان خان اورعرفان خان کو سرانان کے علاقے سے 3 ماہ قبل اس وقت اغوا کرلیا گیا جب وہ 10 ویلر ٹرالر لیکر آرہے تھے ، تین ماہ گزرنے کے باوجود تاحال دونوں مغویوں کوبازیاب نہیں کرایا جاسکا ہے جس سے الکوزئی قوم میں سخت تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اغوا کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے جس میں ملزمان کو نامزد بھی کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ الکوزئی قومی جرگہ نے دونوں نوجوانوں کی بحفاظت بازیابی کیلئے بات چیت کا ختیارالکوزئی سپریم کونسل کو دیدیا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اغوا ہونے والے نوجوانوں کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے۔