کوئٹہ(آن لائن)نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ جنوبی پشتونخوا/بلوچستان کے صوبائی ارگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس صوبائی صدر وکیل خان عادل کی صدارت میں منعقد ھوا۔اجلاس میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی صدر احمد جان خان، صوبائی ارگنائزنگ کمیٹی کے ممبر عنایت شاہ اور نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ کے صوبائی جنرل سیکرٹری صورت خان کاکڑ سمیت صوبائی ارگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکردگی کی رپورٹ پیش کی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل میں تنظیم کو مذید منظم و فعال بنانے، طلبا کو سیاسی عمل و سرگرمیوں میں شامل کرنے اور ان کے تعلیمی، قومی، جمہوری حقوق کیلئے جدوجہد کو تیز تر کرنے اور مختلف تعلیمی اداروں میں تنظیم سازی کرنے کے حوالے سے فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں صوبے کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم افغان طلبا کی جبری بیدخلی اور ان کے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے عمل کو افغان دشمن پالیسیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے تمام جمہوری قوتوں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے بنیادی انسانی حقوق اور بچوں کے اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس بنیادی اور اہم نوعیت کے مسئلے کا فوری نوٹس لیکر طلبا و طالبات کی بیدخلی اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا عمل روکنے میں اپنا فریضہ ادا کرے اجلاس میں حکومت اور امرانہ قوتوں کی جانب سے طلبا سیاست پر پابندی کو علم و شعور اور طلبا حقوق کیلئے جدوجہد پر حملہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کیا گیا اور واضح کیا کہ اظہار رائے، تنظیم سازی اور حقوق کیلئے جدوجہد طلبا کا آئینی و جمہوری اور بنیادی انسانی حق ھے جس پر قدغن کا عمل غیر آئینی و غیر جمہوری ھے۔ اجلاس میں تمام طلبا تنظیموں پر زور دیا گیا کہ حکومت اور امرانہ و طلبا دشمن قوتوں کی جانب سے طلبا سیاست اور سیاسی شعور کے عمل پر پابندی کے خلاف متحد ھوکر طلبا تحریک کا آغاز کرے۔نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ اس جمہوری تحریک میں کردار ادا کرنے کیلئے تیار ھے۔